Aalam Aur Aalim Easter Special Episode of 2013 with Aamir Liaquat Husain & bishop sadiq 1-4-2013
حضرت جعفر طیار کی تقریر بین المذاہب ہم آہنگی کاچارٹر ہے،عامر لیاقت
کراچی(اسٹاف رپورٹر) عالمگیر شہرت یافتہ ریسرچ اسکالر ڈاکٹرعامر لیاقت حسین نے کہا ہے کہ ایک دوسرے پراپنی سوچ مسلط کرنے کے بجائے ہم آہنگی کے جذبے کو عام کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے جس پرعمل پیراہوکرنہ صرف یہ کہ شدت پسندی پر قابو پایا جاسکتا ہے بلکہ معاشرے کو امن وآشتی کا گہوارہ بھی بنایا جاسکتاہے۔ اِن خیالات کا اظہار انہوں نے جیو کے شہرہٴ آفاق پروگرام ”عالَم اور عالِم“ میں بشپ آف پاکستان بشپ صادق ڈینیل اورممتاز عالم دین مفتی عابد مبارک سے گفتگو کے دوران کیا۔ ایسٹر کے موقع پربراہ راست نشرہونے والے پروگرام کے آغاز میں اُنہوں نے مسیحی برادری کوایسٹر کی مبارکبادبھی دی۔بعدازاں قرآن واحادیث اوراسلامی تاریخ کے حوالوں سے مزین اپنی اثرانگیز گفتگو میں انہوں نے کہا کہ نجاشی کے دربار میں حضرت جعفر طیار کی تقریر بین المذاہب ہم آہنگی کی بہترین مثال اور چارٹر ہے جنہوں نے مسیحی برادری کو اسلامی پیغام سے آشنا کرنے کے لیے سورہ مریم کی تلاوت کی تھی جس کا ایک مقصد مسیحیت اوراسلام کے پیروکاروں کوایک دوسرے کو قریب لانا بھی تھا۔گفتگوکے دوران حضرت عیسیٰ علیہ السلام کو بھرپورخراج عقیدت پیش کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مسیحی برادری ہی نہیں امت مسلمہ بھی حضرت عیسیٰ علیہ السلام کی شکر گزار اورممنون ہے اور تاقیامت رہے گی کیونکہ رسول کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی آمد کی بشارت بھی انہوں نے دی تھی اور قیامت سے قبل ظلم و جبر کے خاتمے کی نوید بھی وہ ہی سنائیں گے اور پوری انسانیت اُن کی آمد کی منتظر ہے تاکہ وہ دجال کا خاتمہ کریں۔ پروگرام کے دوران ڈاکٹرعامر لیاقت حسین سے گفتگو کرتے ہوئے بشپ صادق ڈینیل نے مسیحی برادری کی جانب سے ایسٹراورگڈفرائیڈے کاتہوارمنانے کی وجوہات ،رسومات اورتاریخی روایات بیان کرتے ہوئے کہا کہ مسیحی برادری میں موسمِ بہار کا دوسرا نام ایسٹر ہے ،ان کا کہناتھامسیحی برادری یہ دن یسوع مسیح کے دوبارہ جی اٹھنے اور گناہ پر فتح کی یادمیں مناتی ہے۔ تنظیم المساجد اہل سنت پاکستان کے سربراہ مفتی عابد مبارک نے حضرت عیسیٰ علیہ السلام کی عظمت اورمرتبے پر روشنی ڈالی اورقرآن و احادیث کی روشنی میں حضرت عیسیٰ کے فضائل اور معجزات بیان کیے۔پروگرام کے اختتام پر ڈاکٹر عامر لیاقت حسین نے خوبصورت اندازمیں حضرت عیسیٰ علیہ السلام کومنظوم خراج عقیدت بھی پیش کیا۔ پروگرام کے دوران عمران جون نے کراچی اورمحمداسماعیل نے مظفر آبادسے حضرت عیسیٰ علیہ السلام کی سوانح حیات سے متعلق پوچھے گئے سوالات کے درست جوابات دے کر بیش قیمت انعامات بھی جیت لیے۔ پروگرام کے دوران مسیحی برادری سے تعلق رکھنے والے ناظرین نے بالخصوص بھرپور دلچسپی کا مظاہرہ کیا اور ٹیلی فون کالز اور ایس ایم ایس کے ذریعے اپنے جذبات کا اظہار کیا۔دریں اثنا ناظرین کی ایک بہت بڑی تعدادنے ایسٹر کے موقع پر نشر ہونے والے عالم اور عالم اسپیشل کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے اِسے بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ اورمعاشرے میں محبت کے پرچار کا ذریعہ قرار دیا۔
www.aamirliaquat.com, Twitter: @aamirliaquat