پاک پتن (میڈیا رپورٹر) — حضرت بابا فرید الدین مسعود گنج شکر(رحمتہ اللہ علیہ) کے 780 واں سالانہ عرس کی تقریبات کا آغاز رسم چادر پوشی سے ہو گیا۔ زائرین اور عقیدت مندوں کی بڑی تعداد دربار پر حاضری دینے کے لئے آ رہی ہے۔
معروف روحانی شخصیت حضرت بابا فرید الدین مسعود (رحمتہ اللہ علیہ) المعروف گنج شکرکے 780 واں سالانہ عرس مبارک کی پہلی رسم مبارک سجادہ نشین درگاہِ عالیہ حضرت بابا فرید الدین مسعود گنج شکر رحمتہ اللہ علیہ محترم قبلہ دیوان مودود مسعود چشتی نے اپنے دست مبارک سے ادا کی۔
پاک ایشیا ویب چینل کے میڈیا رپورٹر عبدالجبار نے تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ تقریب میں دیوان خاندان کے ہمراہ ایس ایچ او سٹی پاک پتن محمد ہاشم سمیت زائرین اور عقیدت مندوں نےکثیر تعداد میں شرکت کی۔تقریب کے دوران محفل حمد و ثناء منعقد ہوئی جس کے بعد مزار پر چادر پوشی کی گئی۔
اس موقع پر ایس ایچ او سٹی پاک پتن محمد ہاشم نے کہا کہ دین اسلام کی ترویج میں حضرت بابا فرید الدین گنج شکر نے اہم کردار ادا کیا۔ تقریبات کے دوران زائرین احاطہ دربار میں چراغاں کرنے میں مصروف نظر آ رہے ہیں۔ عرس تقریبات میں زائرین اور عقیدت مند بڑی تعداد میں شریک ہوں گے۔
اس موقع پر ایس ایچ او پاک پتن محمد ہاشم نے حضرت بابا فرید الدین گنج شکر دربار اور ملحقہ بازار کے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا اور دربار کے داخلی راستوں پر زائرین کی چیکنگ و جسمانی تلاشی کے عمل کا جائزہ لیا۔ ایس ایچ او پاک پتن محمد ہاشم نے ڈیوٹی پر مامور پولیس افسران اور جوانوں سے بھی ملاقات کی اور الرٹ ہوکر ڈیوٹی کرنے کی ہدایت کی۔