مون سون کی موسلا دھار بارشوں کی وجہ سے سیلابی پانی نے متعدد دیہاتوں میں تباہی مچا دی

2022-07-14 1

عیسیٰ خیل (عبدالزاق خان، میڈیا رپورٹر) ― مون سون کی موسلا دھار بارشوں کی وجہ سے تحصیل عیسیٰ خیل اور مضافات میں نالہ بڑوچ اور دیگر پہاڑی ندی نالوں میں طغیانی آنے کی وجہ سے سیلابی پانی متعدد دیہاتوں میں داخل ہوگیا جس نے بڑے پیمانے پر تباہی مچا دی ۔

پاک ایشیا ویب چینل کے میڈیا رپورٹر ”عبدالزاق خان“ کی تفصیلات کے مطابق متاثرہ دیہاتوں میں جنتی والا، مہر شاہ والی اور دیگر دیہاتوں میں پانی گھروں میں داخل ہونے سے مکانات اور کھڑی فصلوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔ علاقہ مکینوں نے اپنی مدد آپ کے تحت تحصیل و ضلع انتظامیہ ریسکیو 1122 کی ٹیموں کے ساتھ مل کر متاثرہ مکینوں کو محفوظ مقام پر منتقل کردیا۔

متاثرہ لوگوں کا کہنا تھا کہ نالہ بڑوچ، چچالی اڈوالا اور دیگر چھوٹے بڑے نالے ہر سال اِن علاقوں کو شدید نقصان پہنچاتے ہیں لیکن افسوس کہ ضلع میانوالی کے سیاسی لیڈروں نے اس طرف توجہ نہیں دی اور ہر پارٹی نے اپنی سیاست کو چمکایا لیکن غریب عوام کے بارے نہیں سوچا۔ اگر اِس بارے ٹھوس منصوبہ بندی کی جاتی تو غریب عوام اِن سیلابی ریلوں سے بچ جاتی۔

متاثرہ لوگوں نے ضلع کی سیاسی قیادت اور حکومت ِوقت سے مطالبہ کیا ہے کپ اِن نالوں کے کمزور کناروں پر مضبوط بند باندھے جائیں تاکہ اِن سیلابی ریلوں سے علاقہ مکینوں کو بچایا جا سکے۔