بارش کے باعث مکان گرنے سے 20 سالہ شادی شدہ خاتون جاں بحق

2022-06-18 2

وہاڑی (شمعون نذیر — مِیڈیا رِپورٹر) شدید ترین بارش کے باعث مکان گرنے سے 20 سالہ شادی شدہ خاتون چھت تلے دب کر جاں بحق ہو گئی۔

پاک ایشیا ویب ٹی وی کی تفصیلات کے مطابق پیپلزکالونی ،یو بلاک کا رہائشی نوجوان محمدخلیل اور اُس کی بیوی سوئے ہوئے تھے کہ رات کو برسنے والی موسلا دھار بارش کی وجہ سے مکان گرگیا جس کے باعث حال ہی میں شادی کر کے پیا گھر سدھرنے والی 20 سالہ نوجوان خاتون چھت تلے دب جانے سے جان کی بازی ہار گئی۔جبکہ اُس کا خاوند محمد خلیل شدید زخمی ہوگیا۔

میڈیارپورٹر شعون نذیر نے تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ اہل علاقہ نے ریسکیو ٹیموں اور انتظامیہ کی بے حسی پر احتجاج کیا کیونکہ مکان گرنے کے بعد ریسکیو سمیت کوئی انتظامی اہلکار موقع پر نہیں پہنچا۔ جاے حادثہ پر جمع افراد کا کہنا تھا کہ محکمہ موسمیات کی طرف سے بارشوں کی پیش گوئی کے باوجود انتظامیہ کی طرف سے کوئی کنٹرول روم نہیں بنایاگیا۔