مٹیاری (جواد اختر میمن، میڈیا رپورٹر) ضلع بھر آج شدید گرمی کی لپیٹ میں رہا اور درجہ حرارت 48ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا۔
شدید گرمی کے باعث سورج دن بھر آگ برساتا رہا محکمہ موسمیات کے مطابق آج ہوا میں نمی کا تناسب 42فیصد رہا اور شمال مغربی ریگستانی علاقوں سےگرم اور خشک ہوائیں چلتی رہیں،جب کہ کل درجہ حرارت 46 سے52 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہ سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ مٹیاری میں کل سے ہیٹ ویو کا سلسلہ شروع ہورہا ہے اور شہر میں گرمی کی لہرمزید دو روز جاری رہے گی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں 15 مئی کو ایک اور ہیٹ ویو آنے کا امکان ہے۔
سندھ کے دیگر شہر بھی گرمی کی لپیٹ میں ہیں، نواب شاہ میں درجہ حرارت 45 ، مٹھی 49 اورلاڑکانہ میں درجہ حرارت 46 ڈگری ریکارڈ کیا گیا ۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ ضلعی انتظامیہ نے عوام کے لئے ہیٹ اسٹروک یا گرمی سے بچنے کے لئے کوئی خاص انتظامات نہیں کئے۔
دوسری جانب حیسکو کی جانب سے غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ بھی جاری ہے جس کی وجہ سے شہریوں کی پریشانی میں مزید اضافہ ہو رہا ہے۔