مقامی پریس کلب میں ہاتھ سے لکھے دنیا کے سب سے بڑے قرآن پاک کی 1روزہ نمائش کا اہتمام

2022-04-28 3

جھنگ (خالد شہزاد، میڈیا رپورٹر) مقامی پریس کلب میں ہاتھ سے لکھے گئے دنیا کے سب سے بڑے قرآن پاک کی ایک روزہ نمائش کا اہتمام کیا گیا۔ نمائش میں بڑی تعداد میں شہریوں نے قرآن پاک کے اس نادر نمونے کی زیارت کی سعادت حاصل کی۔

پاک ایشیا ٹی وی کی تفصیلات کے مطابق قرآن پاک چالیس فٹ لمبا ساڑھے آٹھ فٹ چوڑا اور اکتیس صفحات پر مشتمل ہے جسے فیصل آباد کے شہری امتیاز حیدر نے 425 دنوں کی شب و روز محنت سے تحریر کیا۔ میڈیا رپورٹر پاک ایشیا ٹی وی خالد شہزاد نے تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ امتیاز حیدر کا دعویٰ ہے کہ اس حجم کے ساتھ اب تک دنیا میں ترجمے کے ساتھ ہاتھ سے لکھا گیا یہ سب بڑا قرآن پاک ہے۔قرآن پاک کی آیات اور ترجمہ الگ الگ پانچ رنگوں میں لکھا گیا ہے۔

قرآن پاک کی تقریب رونمائی ڈپٹی کمشنر شاہد عباس جوئیہ اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر حسن اسد علوی نے اپنے دست مبارک سے کی اور دعا کی کہ اس عظیم کتاب قرآن پاک کی برکت سے اللہ تعالیٰ جھنگ میں امن و امان کے قیام اور آپس میں پیار محبت اور بھائی چارہ عطا فرمائیں۔

انہوں نے قرآن پاک کی ایک روزہ نمائش کا اہتمام کرنے پر پریس کلب کی انتظامیہ کو خراج تحسین بھی پیش کیا۔اس موقع پر پریس کلب کے عہدیدار وں اور شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

قرآن پاک کی زیارت کے لئے مختلف سکولوں کے بچے اور مرد و خواتین شہری بڑی تعداد میں پریس کلب آئے اور امتیاز حیدر کو یہ عظیم کارنامہ سر انجام دینے پر اُنہیں دل کھول کر داد دی۔

Videos similaires