وہاڑی (میڈیا رپورٹر) نواحی علاقہ صدیق آباد میں مشہور صوفی بزرگ حضرت بابا گل بہار کے سالانہ عرس کے موقع پر پنجاب کا روایتی کھیل گھوڑا ڈانس پیش کیا گیا۔
میلے ٹھیلے پنجاب کی روایت کا اہم حصہ سمجھے جاتے ہیں وہاڑی کے نواحی علاقہ صدیق آباد میں مشہور صوفی بزرگ حضرت بابا گل بہار کے سالانہ عرس کے موقع پر خوبصورت گھوڑا ڈانس پیش کیا گیا ۔ پاک ایشیا ویب ٹی وی کے میڈیا رپورٹر شمعون نذیر نے میلے کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ میلے کے منتظم شیخ اعجاز حسین کا کہنا تھا کہ یہ میلے ٹھیلے ہمیں ہمارے آباء واجداد کی وارثت میں ملے ہیں اور ہم گزشتہ کئی سالوں سے ان میلوں کا انعقاد کروا رہے ہیں تاکہ دیہاتوں میں رہنے والوں کو بہترین تفریح مہیا کی جاسکے۔
چیئرمین نواب عتیق خان خاکوانی کا کہنا تھا کہ شہروں میں تو تفریح کے لئے پارکس اور دیگر اشیاء موجود ہوتی ہیں مگر ہمارے لئے میلے ہی سب سے بڑی تفریح ہوتے ہیں۔ اِن میلوں میں گھوڑا ڈانس کے ساتھ کبڈی بھی کھیلی جاتی ہے۔ گھوڑا ڈانس میں بہاولپور اور وہاڑی میں مقابلہ سے شائقین محظوظ ہوتے رہے اور تالیاں بجا کر داد دی۔ جس میں وہاڑی کے گھوڑے نصیب نے میلہ لوٹ لیا۔