سیال کوٹ (میڈیا رپورٹر) تھانہ موترہ کے علاقہ میں پولیس مقابلہ پیش آیا۔ جس کے نتیجہ میں 1 پولیس کانسٹیبل زخمی ہو گیا جبکہ ڈاکو موقعِ واردات سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
پاک ایشیا ویب ٹی-وی چینل کے میڈیا رپورٹر "یاسر سیالکوٹی" نے تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ جب پولیس جائے وقوعہ پر پہنچی تو ڈاکو واردات میں مصروف تھے۔ ڈاکوؤں کی پولیس پر فائرنگ کے نتیجے میں 1 پولیس کانسٹیبل زخمی ہو گیا۔ جبکہ ڈاکو فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
زاہد نامی زخمی کانسٹیبل کو علاج معالجہ کے لیے سِول ہسپتال ڈسکہ میں داخل کروا دیا گیا ہے۔ جہاں اُس کا علاج جاری ہے۔
دوسری طرف ڈی پی او سیال کوٹ "محمد حسن اقبال" زخمی کانسٹیبل "زاہد" کی عیادت کے لیے سِول ہسپتال ڈسکہ پہنچ گئے۔ جہاں انہوں نے ایمرجنسی وارڈ میں زخمی کانسٹیبل "زاہد" کو پھولوں کا گُلدستہ پیش کیا اور اُس کی بہادری اور فرض شناسی پر کانسٹیبل زاہد کو شاباش دی۔
پاک ایشیا ویب ٹی-وی چینل سے بات کرتے ہوئے ڈی پی او سیال کوٹ "محمد حسن اقبال" کا کہنا تھا کہ شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے پولیس فورس ہر قسم کی قربانی کے لیے ہر وقت تیار ہے۔