مُلتان (سٹاف رپورٹر) سُپرئیر گروپ آف کالجز میں اخلاقیات کی تمام حدیں پارکردی گئیں ۔کالج میں غیر اخلاقی ڈانس پارٹی کے دوران فرسٹ ائیر کی طالبہ نے نصیبو لعل کے گانے 'وئے گُجرا وئے' پر ملکی روایات کے مُنافی ڈانس پیش کیا۔ اِس موقع پر کالج انتظامیہ اور طلباء سمیت تمام عملہ غیر اخلاقی ڈانس پارٹی سے لُطف اندوز ہوتا رہا۔
پاک ایشیا ویب ٹی وی چینل کے سٹاف رپورٹر خالد جاوید نے مزید تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ نجی کالج کی وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ سُپرئیر گروپ آف کالجز کی انتظامیہ سمیت طلباء و طالبات کی ایک بڑی تعدادبھی غیر اخلاقی ڈانس پارٹی انجوائے کرتے رہے۔ جبکہ اسی تقریب کی ایک اور وائرل ہونے والی ویڈیو میں ڈانس پارٹی میں مرد طلبا ڈانس کے دوران نوٹ بھی اچھال رہے ہیں جو کہ نوجوان نسل کو تعلیم فراہم کرنے والے ادارے کو بلکل بھی زیب نہیں دیتا۔
دوسری جانب ملک میں بڑھتے ہوئے حالیہ کورونا کیسز کی وجہ سے حکومت نے جن احتیاطی تدابیر پر عمل کرنے کا نوٹس جاری کیا ہے ، کالج میں جاری ایونٹ کے دوران اُن کورونا ایس او پیز کی بھی کُھلی خلاف ورزی کی جارہی ہے۔
واقعہ کی فوٹیج وائرل ہونے پرعوامی و سماجی حلقوں میں غصے کی لہر دوڑ گئی ہے۔ والدین کا کہنا ہے کہ ایسی غیر اخلاقی سرگرمیوں سے طلبا میں منفی سرگرمیوں کا رحجان پھیلنے کا خدشہ ہے۔ واقعہ کی فوٹیج سوشل میڈیا پر وائرل ہونے پر والدین اور شہریوں نے شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے اوراعلیٰ حکام سےواقعہ کا نوٹس لے کر کالج کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔