ٹنڈوالہیار: وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے سلطان آباد سے میرواہ براستہ دولت لغاری لنک روڈ کا افتتاح کردیا

2022-01-31 0

ٹنڈوالہیار (میڈیا رپورٹر) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے آج سلطان آباد سے میرواہ براستہ دولت لغاری لنک روڈ کا افتتاح کردیا۔

صوبائی وزیر محکمہ ورکس اینڈ سروسز ضیا ءعباس شاہ اور سیکریٹری ورکس اینڈ سروسز عمران عطا سومرو نے سڑک کی تعمیر اورکام کے معیار سے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ لنک روڈ 18.5 کلومیٹر طویل ہے۔ جس کی تعمیر پر 266.508 ملین روپے لاگت آئی ہے۔ ٹنڈوالہیار لنک روڈ پر 12 جنوری 2021 سے کام شروع کیا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ سڑک کی تعمیر سے دولت لغاری گوٹھ جانے کیلئے میرپورخاص جانا نہیں پڑے گا۔ لنک روڈ سلطان آباد سے شروع ہوکر ایوب بروہی گوٹھ، جعفر ھکڑو گوٹھ، محمد پلھ گوٹھ، محسن داگو گوٹھ، صادق میمن گوٹھ، عمر بھگیو گوٹھ جاکر دولت لغاری گوٹھ سے ملتا ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے سڑک کے تعمیر ہونے پر علاقہ کے لوگوں کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ لنک روڈ کے تعمیر ہونے سے چھوٹے بڑے دیہات کی سڑکیں اہم شاہراہ سے جڑگئی ہیں۔اس موقع پر علاقے کے منتخب افراد، پارٹی رہنماءاور دیگر بھی انکے ہمراہ موجود تھے۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے ٹنڈوالہیار سے چمبڑ روڈ کا افتتاح کردیا ے۔ سڑک دو تحصیلوں ٹنڈوالہیار اور چمبٹر کو ملاتی ہے۔ روڈ کی تعمیر سے 10 لاکھ افراد کو فائدہ پہنچے گا۔ ضلع ٹنڈو الہیار صوبے کے امیر ترین اضلاع میں سے ایک ہے۔ اِن خیالات کا اظہار وزیر اعلیٰ سند ھ سید مراد علی شاہ نے چمبٹر روڈ کے افتتاح کے دوران میڈ یا سے گفتگو کرتے ہو ئے کیا۔

اُن کا مزید کہنا تھا کہ ضلع ٹنڈوالہیار میں گنے، گندم، پیاز اور کپاس جیسے فصلوں کی پیداوار ہوتی ہے۔ ضلع کے ہر طرف آم کے باغات پھیلے ہوئے ہیں۔ چمبٹر شوگر مل بھی چمبٹر میں ہی واقع ہے۔ روڈ کی تعمیر سے یہاں کے افراد کو بڑا فائدہ ہوگا۔

چمبٹر روڈ 19 کلومیٹر طویل ہے۔ روڈ کی تعمیر پر 630.68 ملین روپے لاگت آئی ہے۔ روڈ کی تعمیر میں 35 ملین روپے بچائے گئے ہیں۔ ٹنڈوالہیارچمبٹر روڈ پہلے 5.3 میٹر کشادہ تھی اب اسکو 7.3 میٹر چوڑا کیا گیا ہے۔ تعمیر کے بعد اس سڑک کو پراونشل ہائی وے ڈویزن حیدرآباد کے حوالے کیا گیا ہے۔