بستی ملوک (میڈیا رپورٹر) پولیس اہل کاروں کی من مانیاں عروج پر، عوام کی حفاظت پر مامور پولیس والے شہریوں سے سرِعام خرچہ پانی مانگنے لگ گئے۔
نمائندہ پاک ایشیا ویب ٹی وی چینل نے تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ عوام کی خدمت کو فرض سمجھنے والے محکمہ پولیس کے اہل کار اب رشوت کی بجائے شہریوں کو روک کر اُن سے اپنی فرض شناسی کے صِلے میں خرچہ پانی وصول کرنے لگ گئے ہیں۔
اسی قسم کا ایک واقعہ شجاع آباد روڈ، بستی ملوک میں پیش آیا جسے پاک ایشیا ویب ٹی وی چینل کے میڈیا رپورٹر محمدعامر نے کیمرے کی آنکھ میں فلم بند کر کے محکمہ پولیس کے اہل کاروں کی عوامی خدمت کے جذبے کو پیش کیا ہے۔ جہاں پر 3 پولیس اہل کاروں نے ایک موٹرسائیکل سوار کو روک کر اُس سے خرچہ پانی کا مطالبہ کیا۔
نمائندہ پاک ایشیا ویب ٹی وی چینل نے جب یہ منظر اپنے موبائل کے ذریعے فلم بند کیا تو پولیس اہل کار اُس آدمی کو چھوڑ کر فوراً اپنی موٹر سائیکل پر سوار ہو کر وہاں سے چلے گئے۔
بستی ملوک کے رہائشیوں کا کہنا ہے کہ لوگ پہلے ہی بڑھتی ہوئی مہنگائی سے پریشان ہیں اوپر سے پولیس اہل کاروں کا شہریوں سے رشوت کی مَد میں خرچہ پانی مانگنے کا مطالبہ سراسر ناانصافی ہے۔ محکمہ پولیس کے اعلیٰ افسران اور حکومتی نمائندے فوراً نوٹس لے کر محکمہ کی ساکھ پر بدنُما داغ بننے والے عناصر کے خلاف کارروائی کر کے عوام کا محکمہ پولیس پر اعتماد بحال کروانے کی ہرممکن کوشش کریں۔