ننکانہ صاحب گردوارے پر حملے کی دھمکی دینے والے عمران چشتی نے سکھ کمیونٹی سے معافی مانگ لی

2020-01-05 3

عمران چشتی نامی شخص جس نے جتھے کو لیڈ کرتے ہوئے گورودوارے پر حملہ کیا تھا، آج اس نے ایک ویڈیو پیغام کے ذریعے اس کی معافی مانگ لی ہے۔ ویڈیو میں عمران چشتی کا کہنا ہے کہ وہ جذبات میں بہہ کر بہت کچھ کہہ گیا تھا جس سے سکھ مذہب کے پیروکاروں کی دل آزاری ہوئی، جس کے لئے وہ معذرت خواہ ہے۔



عمران کا کہنا تھا کہ سِکھ حضرات کے ساتھ ہمیشہ سے مسلمانوں کے تعلقات اچھے رہے ہیں اور آئندہ بھی یہ سلسلہ جاری رہے گا۔ اس کا کہنا تھا کہ گورودوارے کے گھیراو ¿ کا نہ پہلے ارادہ تھا نہ ہی آئندہ ایسا کرنے کی کوئی کوشش ہوگی۔



یاد رہے کہ گزشتہ روز سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی جس میں ایک شخص سکھوں کے گردوارے ننکانہ صاحب کو ختم کرنے اور اس کا نام تبدیل کرنے کی دھمکی دے رہا ہے ۔یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر اس قدر وائرل ہوئی کہ پوری دنیا میں موجود سکھوں نے اسے دیکھا جس سے وہ شدید تشویش اور پریشانی کا شکار ہوئے۔اس ویڈیو کے سامنے آنے کے بعد دنیا بھر میں مذہبی آزادی اور انسانی حقوق کے لیے کام کرنے والے اداروں نے اس پر مذمت کی ہے اور تشویش کا اظہار کیا ہے .


مقامی رپورٹر نے نیادور کو بتایا کہ ننکانہ صاحب کے ایک مسلمان لڑکے محمد حسن نے 6 ماہ قبل ایک سکھ لڑکی جگجیت کور سے شادی کی تھی جس پر جھگڑا ہوا،لڑکی کے اہلخانہ نے الزام عائد کیا تھا کہ لڑکی کو اغوا کرکے زبردستی مسلمان کیا گیا ہے بعدازاں گورنر پنجاب نے فریقین کے درمیان تصفیہ کروا دیا تھا۔تاہم اب دوبارہ اس کیس کی عدالت میں سماعت تھی جس کے دوران انتظامیہ نے محمد حسن نامی نوجوان کو اپنی تحویل میں لے لیا تاہم محمد حسن کے اہلخانہ نے مشتعل ہوکر مقامی افراد کے ہمراہ احتجاج کیا اور گرودوارے کا گھیراؤ کیا۔



معاملہ خراب ہونے کے بعد وزیرداخلہ کے بھتیجے پیر سرور احمد شاہ نے مظاہرین اور ضلعی انتظامیہ میں صلح کروائی جس کے بعد مظاہرین منتشر ہو گئے۔