متحدہ قومی موومنٹ کے قائدجناب الطاف حسین نے ایم کیوایم کے کارکنوں اورہمدردوں سے کہاہے کہ وہ تحریک کے خلاف کئے جانے والے زہریلے پروپیگنڈوں، الزام تراشیوں اورمیڈیاٹرائل سے ہرگزمایوس نہ ہوں اوراللہ کے انصاف پر یقین رکھیں،انشاء اللہ تمام ترسازشوں اورزہریلے پروپیگنڈوں کے باوجودفتح ایم کیوایم کامقدرہوگی اورشکست ایم کیوایم دشمن عناصرکی ہوگی۔ایم کیوایم کے ذمہ داران تنظیم نوکے عمل کوجلدسے مکمل کریں تاکہ تنظیم کوجدید خطوط پراستوارکیاجاسکے۔ انہوں نے یہ بات ایم کیوایم کے مرکزنائن زیروپررابطہ کمیٹی، تنظیمی شعبہ جات اورسینیٹرزوارکان قومی وصوبائی اسمبلی سے گفتگوکرتے ہوئے کہی۔ جناب الطاف حسین نے کہاکہ ایم کیوایم سے عوام کوبدظن کرنے اور ایم کیوایم کے کارکنوں اورعوام میں مایوسی پھیلانے کیلئے ماضی میں بھی ایم کیوایم کے خلاف میڈیاپرپروپیگنڈہ مہم چلائی گئی تھی اوراب ایک بارپھراسی مقصدکے تحت ایم کیوایم کے خلاف زہریلاپروپیگنڈہ شروع کردیاگیاہے۔ایم کیوایم کے خلاف میڈیاٹرائل کیاجارہاہے۔انہوں نے کہاکہ اس قسم کے ہتھکنڈوں سے ہمارے حوصلوں کو نہ پہلے توڑا جاسکاتھااورنہ ہی آج کیاجاسکتا ہے۔ جناب الطا ف حسین نے ایک بارپھراپنی اس بات کودہرایاکہ اگرکوئی بھی کارکن یاذمہ دار کسی بھی قسم کی مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث پایاگیاتوتحقیق کے بعد ایسے فردکوتحریک سے نکال باہر کیاجائے گا۔ انہوں نے ذمہ داران پر زوردیاکہ وہ تنظیم نو کے کام کوتیزسے تیز ترکریں۔انہوں نے ایم کیوایم کے منتخب نمائندوں پرذوردیاکہ وہ پانی وبجلی کے بحران کے خاتمہ اور عوام کودرپیش دیگرمسائل کے حل کیلئے حتی المقدورکوششیں کریں۔