Aalam Aur Aalim 74th Episode of 2013 with Aamir Liaquat Husain 20-6-2013

2013-06-24 266

Aalam Aur Aalim 74th Episode of 2013 with Aamir Liaquat Husain 20-6-2013

اعلیٰ عدالتیں بس ہوسٹس پرتشدد کاازخودنوٹس لیں،ڈاکٹر عامر لیاقت

[اعلیٰ عدالتیں بس ہوسٹس پرتشدد کاازخودنوٹس لیں،ڈاکٹر عامر لیاقت ]
کراچی(اسٹاف رپورٹر)تین روز قبل رکن پنجاب اسمبلی نگہت شیخ کی جانب سے بس ہوسٹس پرتشدد کی واشگاف الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے ڈاکٹر عامرلیاقت حسین نے اعلیٰ عدالتوں کے فاضل جج صاحبان سے اپیل کی ہے کہ وہ وحیدہ شاہ کیس کی طرح رکن پنجاب اسمبلی نگہت شیخ کی بس ہوسٹس کے ساتھ مبینہ بدتمیزی اور تشدد کا نوٹس لیتے ہوئے اُن کی اسمبلی کی رکنیت منسوخ کریں اور اُنہیں نااہل قرار دیاجائے۔جیوکے شہرہٴ آفاق پروگرام” عالم اور عالم“ میں واقعے پر اپنے مخصوص انداز میں تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کو چاہیے تھاکہ وہ اپنی رکن صوبائی اسمبلی کو محض پارٹی سے نکالنے پر ہی اکتفا نہیں کرتے بلکہ انصاف کا تقاضا تو یہ تھا کہ انہیں نااہل قرار دے کر مثبت روایت قائم کی جاتی مگر افسوس کہ ایسا نہیں کیا گیا ۔ان کاکہناتھا کہ حکمران عوام کے خادم ہیں انہیں اپنے ہی ہم وطنوں کے ساتھ غلامانہ سلوک کرنے کا کوئی حق حاصل نہیں۔ پروگرام کے دوران ڈاکٹر عامرلیاقت حسین سے گفتگو کرتے ہوئے ممتاز عالم دین مولانا اسعد تھانوی نے کہا کہ مقتدر حلقوں کی سرکشی پر مبنی رویے کی وجہ سے لوگ خود کو غیر محفوظ تصور کر رہے ہیں ،رکن پنجاب اسمبلی کے بس ہوسٹس پر وحشیانہ تشدد کی مذمت کرتے ہوئے جامعہ اشرفیہ سکھر کے مہتمم نے کہا کہ اگر سابق رکن سند ھ اسمبلی وحیدہ شاہ کوایک خاتون پریذائیڈنگ افسرپر تشددکی عبرتناک سزا دی جاتی توآج یہ واقعہ رونما نہیں ہوتا۔ان کا کہناتھا کہ احساس برتری کے نشے میں انسان دوسرے کو کم تر سمجھتا ہے حالانکہ اسلام میں امتیازی سلوک کی کوئی گنجائش نہیں اوراسلام وہ مذہب ہے جس میں کلمہ پڑھ کر ہر عجمی، عربی اورہر رنگ و نسل کا باشندہ ایک لڑی میں بندھ جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ نگہت شیخ کو ہتھکڑی لگا کر جیل لے جایا جاتا تو ہر ایک عبرت حاصل کرتا۔ حدیث نبوی کا حوالہ دیتے ہوئے ان کا کہناتھا کہ پچھلی قومیں اس لیے تباہ ہوگئیں کہ وہ طاقتوروں کو چھوڑتی اور کم زوروں کو پکڑتی تھیں۔ بعدازاں پروگرام کے دوسرے حصے میں ”مسائل آپ کے ،حل وظائف سے“ میں ڈاکٹر عامرلیاقت حسین سے گفتگو کے دوران ممتاز روحانی شخصیت مولانا محمدبشیر فاروق قادری نے ناظرین کو اُن کے مختلف مسائل کے حل کے لیے قرآن وسنت کی روشنی میں مسنون وظائف بتائے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ جلدی امراض سے بچاوٴ کے لیے ہرنماز کے بعد سورہٴ قدر پڑھ کر متاثرہ حصے پر دم کرنے سے مرض میں خاطرخواہ افاقہ ہوتا ہے ۔درودپاک کی فضیلت بیان کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ درود شریف پڑھنے سے لوگوں کے دلوں میں محبت اور گنجائش پیدا ہوتی ہے۔انہوں نے گفتگو کے دوران ناظرین کو ایام بیض کے روزوں کی فضیلت سے بھی آگاہ کیا اور آخر میں دعا بھی کرائی۔
http://beta.jang.com.pk/NewsDetail.aspx?ID=103588
www.aamirliaquat.com, Twitter: @AamirLiaquat

Free Traffic Exchange