Aalam Aur Aalim 67th Episode of 2013 with Aamir Liaquat Husain 5-6-2013
عالم اورعالم میں زیارت گنبد خضریٰ و مدینہ منورہ کی پرکیف روداد، عامر لیاقت کی روح پرور منظر کشی
[عالم اورعالم میں زیارت گنبد خضریٰ و مدینہ منورہ کی پرکیف روداد، عامر لیاقت کی روح پرور منظر کشی]
کراچی(اسٹاف رپورٹر)جیوکے شہرہٴ آفاق پروگرام” عالَم اور عالِم“ میں روضہٴ رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے دیدار اورتذکرہٴ معراج سے قبل مدینہ منورہ کی زیارت پر بارگاہ خداوندی میں تشکرکااظہار کرتے ہوئے ڈاکٹر عامرلیاقت حسین نے کہا ہے کہ یہ اللہ کا مجھ گناہ گار پرخاص کرم ہے کہ اُس نے تذکرہٴ معراج سے قبل ایک مرتبہ پھر اپنے حبیب مکرم کے روضہ اطہر کی زیارت اور سنہری جالیوں کوچومنے کی سعادت عطا فرمائی جس پر میں اپنے رب کا جتنا شکراداکروں وہ کم ہے۔ دیارحبیب کے ساتھ ساتھ شیخین کریمین،خاتونِ جنت اور جنت البقیع میں مدفون دیگر عظیم ہستیوں کے مقدس مزارات کی زیارت پر عقیدت مندانہ اظہارخیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے پہلوئے اقدس میں مدفون جلیل القدراصحاب اور جنت البقیع میں مدفون ہستیوں کی اس سے بڑھ کر فضیلت اور کیاہوگی کہ اِنہیں رسول کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سب سے پہلے جنت میں داخلے کا مژدہ سنائیں گے۔ان کاکہناتھا کہ بادشاہوں کی ظاہری شان و شوکت فنا ہوجاتی ہے مگر اللہ والوں کو دائمی اقتدار نصیب ہوتا ہے۔ذکر حبیب سے معمور پروگرام میں عشق وعقیدت کے کئی مناظر دیکھنے میں آئے اور اس موقع پر میزبان نے اپنی قلبی کیفیات کا اظہار نعتوں کے نذرانے پیش کرکے بھی کیااور”یا رسول اللہ رفعت آپ نے پائی کہ بس“ پڑھ کر ناظرین پر رقت طاری کردی۔ ڈاکٹر عامرلیاقت حسین سے گفتگو کرتے ہوئے تنظیم المساجد اہل سنت پاکستان کے سربراہ مفتی عابد مبارک نے کہا کہ درِ مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی قربت نصیب والوں کو میسر آتی ہے اسی قربت نے بزرگان دین کو روحانی منزلوں سے آشنا کیا۔عشق پرمبنی قصے بیان کرتے ہوئے ان کاکہناتھاکہ عشق و عقیدت کا ایک لامتناہی سلسلہ ہے جوتاقیامت جاری رہے گا۔ جامعة المصطفیٰ رضویہ کے مہتمم نے ڈاکٹر عامر لیاقت حسین کو روضہ رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی زیارت پر مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ دامنِ مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے فیوض و برکات اور انوار و تجلیات کے ساتھ اللہ نے آپ کو ذکر معراج کا موقع دیاجوبہت بڑی سعادت کی بات ہے۔بعدازاں پروگرام کے دوسرے حصے میں ”مسائل آپ کے ،حل وظائف سے“ میں ڈاکٹر عامرلیاقت حسین سے گفتگو کے دوران ممتاز روحانی شخصیت مولانا بشیر احمد فاروق قادری نے ناظرین کو اُن کے مختلف مسائل کے حل کے لیے قرآن وسنت کی روشنی میں وظائف بتائے۔ ان کا کہنا تھا کہ تبرکات کے ذریعے نعمتوں کاحصول ایک بابرکت عمل ہے اور اللہ والے اسی طرح فیض حاصل کرتے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سورہٴ قدر پڑھنے والوں کی قدر کی جاتی ہے اوراس سے لوگوں کے دل میں گنجائش پیداہوتی ہے ۔مولانابشیر فاروق قادری کے دعائیہ کلمات پر پروگرام کا اختتام ہوا۔
http://beta.jang.com.pk/NewsDetail.aspx?ID=98978
www.aamirliaquat.com, Twitter: @AamirLiaquat